بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک نوجوان نے موبائل ٹاور پر چڑھ کر عجیب و غریب مطالبہ کر دیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ضلع پرکاسم میں پیش آیا جہاں ہنومانتھو نامی نوجوان اچانک ایک موبائل فون ٹاور پر چڑھ گیا اور بلند آواز میں چیخنا شروع کر دیا، جس پر شہریوں کی بڑی تعداد وہاں جمع ہوگئی۔
عینی شاہدین کے مطابق نوجوان نے ٹاور سے نیچے اترنے کے بدلے نشہ آور چیز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کا کہنا تھا کہ اگر اس کی بات نہ مانی گئی تو وہ ٹاور سے چھلانگ لگا دے گا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور نوجوان کو محفوظ طریقے سے نیچے اتارنے کے لیے مذاکرات شروع کیے گئے۔
کافی دیر کی کوششوں کے بعد اہلکار نوجوان کو بحفاظت نیچے لانے میں کامیاب ہوگئے، جس کے بعد اسے طبی معائنے اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نوجوان یا تو ذہنی دباؤ کا شکار تھا یا نشے کی لت میں مبتلا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔











