بھارت میں ایک دلچسپ اور حیران کن واقعے میں بندر عدالت کے احاطے سے وکیل کا لاکھوں روپے والا بیگ لے کر فرار ہوگیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے شہر بلند میں کچہری روڈ پر واقع عدالت کے باہر پیش آیا۔ وکیل رویندر دو لاکھ روپے سے بھرا بیگ لے کر جائیداد کی رجسٹریشن اور اسٹامپ پیپرز خریدنے کے لیے عدالت پہنچے تھے۔
رپورٹ کے مطابق وکیل اپنے ساتھی کے ساتھ ایڈووکیٹ چیمبرز کے قریب کھڑے تھے کہ اچانک ایک بندر آیا اور نوٹوں سے بھرا بیگ چھین کر قریبی درخت پر چڑھ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بندر نے بیگ پھاڑ دیا جس کے بعد کرنسی نوٹ نیچے گرنے لگے۔ موقع پر موجود افراد نوٹ جمع کرنے میں مصروف ہوگئے جبکہ پورے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔
اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور رقم واپس حاصل کرنے میں مدد فراہم کی۔ رپورٹس کے مطابق زیادہ تر رقم واپس مل گئی تاہم چند ہزار روپے غائب بتائے جا رہے ہیں۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں اور کئی افراد نے اسے غیر معمولی واقعہ قرار دیا ہے۔














