عیدالاضحیٰ کے موقع پر بنگلہ دیش میں ایک منفرد واقعہ سامنے آیا جہاں حکومت نے امریکی صدر کے نام سے منسوب ایک نایاب بھینسے کی قربانی رکوا دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنہرے رنگ اور منفرد شکل و صورت کے باعث ایک البینو بھینسے کو “ڈونلڈ ٹرمپ” کا نام دیا گیا تھا۔ یہ بھینسا اپنی غیر معمولی خوبصورتی کی وجہ سے مویشی منڈی میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 700 کلوگرام وزنی اس بھینسے کو قربانی کے لیے فروخت کر دیا گیا تھا، تاہم حکام نے سیکیورٹی اور عوامی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے آخری وقت میں مداخلت کی۔
بنگلہ دیشی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ نایاب نسل کے اس جانور کو محفوظ رکھنے کے لیے خریدار کو رقم واپس کر دی گئی، جبکہ بھینسے کو قومی چڑیا گھر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بھینسے کے مالک کے مطابق اس کا نام “ڈونلڈ ٹرمپ” اس کے سنہرے بالوں کی وجہ سے رکھا گیا تھا، جو امریکی صدر کے انداز سے مشابہ سمجھے گئے۔
واضح رہے کہ البینو بھینسے بنگلہ دیش میں بہت کم پائے جاتے ہیں اور انہیں خصوصی دیکھ بھال کی ضرورت ہوتی ہے، اسی وجہ سے حکام نے اسے قربانی سے بچانے کا فیصلہ کیا۔













