اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ٹیکس ریٹرن فائل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا

اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ٹیکس ریٹرن فائل کرنا مزید آسان بنا دیا گیا

بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے انکم ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے، اب اوورسیز پاکستانی آن لائن پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے ریٹرن جمع کرا سکیں گے۔

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کے طریقہ کار اور اس کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق وہ پاکستانی جو بیرونِ ملک رہتے ہوئے پاکستان میں جائیداد، کاروبار، زرعی زمین یا سرمایہ کاری سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں، ان کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانا ضروری ہے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والے اوورسیز پاکستانی کم ودہولڈنگ ٹیکس، بینکنگ سہولتوں اور جائیداد کی خرید و فروخت میں مختلف مراعات حاصل کر سکتے ہیں۔

بیورو کے مطابق ایف بی آر کے “آئی رس” (IRIS) آن لائن پورٹل کے ذریعے ریٹرن جمع کرانے کا عمل پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیز اور آسان بنایا گیا ہے تاکہ بیرونِ ملک پاکستانی بغیر کسی مشکل کے اپنی قانونی مالی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کو ملکی معیشت میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مختلف سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

Popular Posts

مزید خبریں