بھارت میں ایک کسان نے غیر معمولی تجربہ کرتے ہوئے ایک ہی آم کے درخت پر 14 مختلف اقسام کے آم اگا کر دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
یہ انوکھا کارنامہ بھارتی ریاست گجرات کے ضلع میں کسان اوکا بھائی بھٹی نے انجام دیا، جنہوں نے جدید گرافٹنگ تکنیک اور باغبانی کے سائنسی طریقوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک ہی درخت پر مختلف اقسام کی پیوندکاری کی۔
اس درخت پر آموں کے موسم میں مختلف رنگ، ذائقے اور سائز کے پھل ایک ساتھ نظر آتے ہیں، جس نے نہ صرف مقامی لوگوں بلکہ دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین کو بھی اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے۔
کسان کے مطابق اس درخت پر کیسر، امرپالی، لنگڑا، بادامی، رس بری اور دیگر کئی اقسام کے آم کامیابی سے اگائے گئے ہیں، جن کی خوشبو اور ذائقہ ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس درخت میں موجود بعض اقسام نایاب ہیں اور پہلے صرف محدود علاقوں میں ہی پائی جاتی تھیں۔ اس کامیاب تجربے کے بعد زراعت کے ماہرین اور باغبانی سے وابستہ افراد بھی اس مقام کا دورہ کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ تجربہ جدید زرعی تکنیکوں کی ایک کامیاب مثال ہے، جو مستقبل میں پھلوں کی پیداوار اور اقسام کے بہتر استعمال میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔















