سندھ کے علاقے میہڑ میں ایک ہی گھر کے 16 افراد چائے پینے کے بعد اچانک بیمار ہو گئے، جس کے بعد متاثرین کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کے تمام افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ معاملے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ متاثرین میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ڈاکٹروں کا ابتدائی مؤقف ہے کہ یہ واقعہ ممکنہ طور پر زہریلے دودھ یا آلودہ چائے کے باعث فوڈ پوائزننگ کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم حتمی وجہ لیبارٹری رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
میڈیکل ذرائع کے مطابق دو خواتین کی حالت زیادہ تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں بہتر علاج کے لیے نجی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام نے خوراک اور مشروبات کے نمونے حاصل کر لیے ہیں تاکہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ شہریوں کو خوراک کے استعمال میں احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
















