تہران: ایران نے عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کو نشانہ بننے والی اپنی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت دینے سے صاف انکار کر دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے (NPT) کے رکن ملک کے طور پر بین الاقوامی ضوابط اور شفاف طریقہ کار پر عمل کرتا رہے گا، تاہم جوہری مراکز کے معائنے کے لیے آئی اے ای اے کے دوروں سے متعلق فی الحال کوئی شیڈول طے نہیں کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے بحال ہونے والے مالی اثاثوں کے استعمال کا طریقہ کار ملکی مفادات کے مطابق طے کیا جائے گا، جبکہ لبنان میں جنگ کا خاتمہ امریکا کے ساتھ ہونے والی مفاہمتی یادداشت کی بنیادی شرط ہے۔
اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران کی میزائل صلاحیت امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کا حصہ نہیں ہے اور اس معاملے پر کوئی بات چیت نہیں کی جا رہی۔














