ایرانی ریال کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، خریداروں کی لائنیں لگ گئیں

ایرانی ریال کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ، خریداروں کی لائنیں لگ گئیں

پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں ایرانی ریال کی قیمت میں اچانک نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد مستقبل میں مزید اضافے کی توقع پر خریداروں کی بڑی تعداد مارکیٹ کا رخ کر رہی ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ 60 روزہ امن معاہدے کی خبروں کے بعد ایرانی کرنسی کی مانگ میں تیزی آگئی ہے، جس کے باعث اوپن مارکیٹ میں ریال کی قیمت تقریباً 100 فیصد بڑھ گئی ہے۔

ایکسچینج کمپنیوں کی ایسوسی ایشن کے مطابق چند روز قبل 1 کروڑ (10 ملین) ایرانی ریال کا بنڈل تقریباً 2 ہزار روپے میں دستیاب تھا، جو اب بڑھ کر 4 ہزار روپے تک پہنچ چکا ہے۔

ایکسچینج کمپنیوں کی ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کا کہنا ہے کہ صرف پانچ دن کے دوران پاکستانی شہریوں نے تقریباً 3 ٹریلین روپے مالیت کی ایرانی کرنسی خریدی ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران کی ممکنہ معاشی بہتری کی توقعات کے باعث خصوصاً مڈل کلاس طبقہ بڑی تعداد میں ایرانی ریال خرید رہا ہے تاکہ مستقبل میں قیمت مزید بڑھنے کی صورت میں فائدہ حاصل کیا جا سکے۔

ملک بھر میں سپلائی اور طلب کے فرق کے باعث مختلف شہروں میں ایرانی ریال کی قیمتیں مختلف ہیں۔ کراچی اس تجارت کا بڑا مرکز ہے جبکہ چھوٹے شہروں میں محدود سپلائی کے سبب قیمتیں نسبتاً زیادہ دیکھی جا رہی ہیں۔

چیئرمین ای سی اے پی ملک بوستان نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دھوکے، فراڈ اور غیر قانونی بلیک مارکیٹ سے بچنے کے لیے کرنسی کا لین دین صرف اسٹیٹ بینک سے منظور شدہ اور لائسنس یافتہ ایکسچینج کمپنیوں کے ذریعے ہی کریں۔

Popular Posts

مزید خبریں