ایران نے بحر ہند میں واقع امریکا اور برطانیہ کے مشترکہ فوجی اڈے ڈیاگو گارسیا کی طرف بیلسٹک میزائل فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی مہر کے مطابق ایران نے اڈے کی طرف دو بیلسٹک میزائل داغے۔
دوسری طرف امریکی حکام کے حوالے سے رپورٹس میں بتایا گیا کہ ایران نے دو درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل فائر کیے، مگر دونوں میں سے کوئی بھی بیس پر نہیں لگا۔ رائٹرز کے مطابق یہ بات وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں امریکی عہدیداروں کے حوالے سے آئی ہے۔
ڈیاگو گارسیا ایران کے ساحل سے ہزاروں کلومیٹر دور ہے اور اسے امریکی بھاری بمبار طیاروں کے لئے اہم فضائی مرکز سمجھا جاتا ہے۔ اس واقعے کے بعد برطانیہ نے حملے کی کوشش کی مذمت کی اور اسے غیر ذمہ دارانہ اقدام قرار دیا۔
اسی دوران برطانیہ نے یہ بھی کہا کہ اس نے امریکا کو مخصوص اور محدود دفاعی نوعیت کی کارروائیوں کے لئے برطانوی اڈوں کے استعمال کی اجازت دی ہے، مقصد آبنائے ہرمز میں جہاز رانی پر حملوں سے جڑی میزائل صلاحیتوں کو کمزور کرنا بتایا گیا۔












