چوری کی ایک انوکھی واردات میں ملزمان نے گھر کا صفایا کرنے سے پہلے کچن میں آرام سے کھانا پکایا اور کھایا، جس پر پولیس بھی حیران رہ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نامعلوم چور ایک رہائشی گھر میں داخل ہوئے اور قیمتی سامان سمیٹنے سے قبل کچن کا رخ کیا، جہاں انہوں نے موجود اشیائے خور و نوش استعمال کرتے ہوئے کھانا تیار کیا اور اطمینان سے کھانے کے بعد واردات کی۔
رپورٹس کے مطابق ملزمان گھر سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہو گئے۔ واردات کے بعد جب گھر کے مالکان واپس پہنچے تو انہوں نے کچن کی غیر معمولی حالت دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، جن میں کچن سے ملنے والے فنگر پرنٹس اور دیگر فرانزک شواہد بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان شواہد کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے قریبی علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔









