ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان ایک ہونہار طالب علم نے ایسی منفرد کار تیار کر لی ہے جو صرف ایک لیٹر فیول میں 900 کلومیٹر سے زائد سفر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست یوٹاہ سے تعلق رکھنے والے طالب علم نے یہ خصوصی گاڑی کم سے کم ایندھن میں زیادہ فاصلہ طے کرنے کے مقصد سے ڈیزائن کی ہے۔ اس گاڑی کو “سُپر مائلیج” کا نام دیا گیا ہے۔
یہ کار انتہائی ہلکے وزن اور ایروڈائنامک ڈیزائن کی بدولت غیر معمولی فیول بچت فراہم کرتی ہے۔ گاڑی کا مجموعی وزن صرف 49 کلوگرام بتایا جا رہا ہے جبکہ اس کا فیول ٹینک صرف 30 ملی لیٹر ایندھن رکھ سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گاڑی 30 ملی لیٹر فیول میں تقریباً 32 کلومیٹر کا سفر طے کر لیتی ہے۔ اسی حساب سے یہ ایک لیٹر ایندھن میں 914 کلومیٹر تک چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، جو اسے دنیا کی انتہائی کم ایندھن استعمال کرنے والی گاڑیوں میں شامل کرتا ہے۔
یہ منفرد گاڑی ایک خصوصی مقابلے کے لیے تیار کی گئی تھی، جہاں مختلف ٹیمیں کم سے کم ایندھن میں زیادہ سے زیادہ فاصلہ طے کرنے والی گاڑیاں پیش کرتی ہیں۔
گاڑی کا ڈیزائن عام کاروں سے مختلف ہے، اسی لیے اس میں بیٹھنے والے ڈرائیور کے لیے بھی مخصوص قد اور وزن کی شرط رکھی گئی ہے۔ گاڑی چلانے والے شخص کا قد 5 فٹ 4 انچ سے کم اور وزن تقریباً 54 کلوگرام تک ہونا ضروری ہے۔











