اے آئی چیٹ بوٹ انسٹاگرام ہیکرز کا نیا ہتھیار بن گیا، صارفین الرٹ

اے آئی چیٹ بوٹ انسٹاگرام ہیکرز کا نیا ہتھیار بن گیا، صارفین الرٹ

میٹا کا اے آئی سپورٹ چیٹ بوٹ سائبر مجرموں کے لیے نیا ہتھیار بن گیا، جس کے ذریعے انسٹاگرام اکاؤنٹس ہیک کیے جانے کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ میٹا کے اے آئی سپورٹ اسسٹنٹ میں موجود خامی کو استعمال کرتے ہوئے ہیکرز نے متعدد انسٹاگرام اکاؤنٹس تک غیر قانونی رسائی حاصل کی، یہاں تک کہ ٹو فیکٹر authentication والے اکاؤنٹس بھی محفوظ نہ رہ سکے۔

رپورٹس کے مطابق میٹا نے دسمبر 2025 میں ایک اے آئی ریکوری اسسٹنٹ متعارف کرایا تھا، جس کا مقصد لاک یا ہیک ہونے والے فیس بک اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کی بحالی کو آسان بنانا تھا، لیکن بعد میں یہی فیچر ہیکرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا۔

سکیورٹی محققین کا کہنا ہے کہ ہیکرز اے آئی چیٹ بوٹ کو اکاؤنٹ سے منسلک ای میل تبدیل کرنے کی ہدایات دیتے تھے، جس کے بعد وہ پاس ورڈ ری سیٹ کرکے اکاؤنٹ پر قبضہ کر لیتے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس طریقہ کار سے متعلق ویڈیوز، اسکرین شاٹس اور مکمل ہدایات مختلف ٹیلیگرام گروپس میں بھی شیئر کی جاتی رہیں۔

ماہرین کے مطابق حملہ آور وی پی این استعمال کرکے اپنی لوکیشن متاثرہ صارفین کے قریب ظاہر کرتے تھے، جس کے باعث اے آئی سسٹم انہیں اصل اکاؤنٹ ہولڈر سمجھ لیتا تھا۔

میٹا کے ترجمان اینڈی اسٹون نے تصدیق کی ہے کہ اس سکیورٹی خامی کو اب درست کر دیا گیا ہے اور متاثرہ اکاؤنٹس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم کمپنی نے اس کمزوری کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کیں۔

رپورٹ کے مطابق مارچ 2026 سے اس خامی پر مختلف ٹیلیگرام چینلز میں گفتگو جاری تھی جبکہ خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کئی ہائی پروفائل اکاؤنٹس بھی اس سائبر حملے کا شکار ہوئے۔

سائبر سکیورٹی ماہرین نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مضبوط پاس ورڈ استعمال کریں، مشکوک لاگ اِن سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور اپنی ریکوری معلومات کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرتے رہیں۔

Popular Posts

مزید خبریں