ایپل نے سال 2027 تک آئی فون کی نئی لائن اپ سے متعلق اہم منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے، جس کے تحت کمپنی پانچ نئے آئی فون ماڈلز متعارف کرانے اور فولڈ ایبل آئی فون کی تیاری بڑھانے پر کام کر رہی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل نے اپنے سپلائرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ رواں سال تقریباً ایک کروڑ فولڈ ایبل آئی فونز کی تیاری کی صلاحیت قائم کریں، جو پہلے کے 70 سے 80 لاکھ یونٹس کے تخمینے سے زیادہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی 2026 کے دوسرے نصف میں متوقع نئے آئی فونز کے لیے تقریباً 8 کروڑ اسمارٹ فونز کے پرزے پہلے ہی حاصل کر چکی ہے، جبکہ رواں سال مجموعی اسمارٹ فون پروڈکشن 22 کروڑ یونٹس سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
ایپل 2027 کے پہلے نصف میں کم از کم دو نئے آئی فونز متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جن میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور نیا آئی فون ایئر (iPhone Air) شامل ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے یہ منصوبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث دنیا بھر میں میموری چپس کی قلت پیدا ہو گئی ہے، جس سے الیکٹرانکس انڈسٹری کی لاگت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ ایپل نے حال ہی میں میموری اور اسٹوریج کی بڑھتی ہوئی لاگت کے باعث اپنی MacBook اور iPad سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا تھا۔









