ٹرمپ اور شی جن پنگ ملاقات میں ایران جنگ بندی اور آبنائے ہرمز سرِفہرست ہوں گے، چینی سفیر

ٹرمپ اور شی جن پنگ ملاقات میں ایران جنگ بندی اور آبنائے ہرمز سرِفہرست ہوں گے، چینی سفیر


اقوام متحدہ میں چین کے سفیر نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان آئندہ ملاقات میں ایران امریکا جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کی صورتحال اہم ترین موضوعات میں شامل ہوں گے۔

چینی سفیر کے مطابق مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی، عالمی توانائی کی ترسیل اور آبنائے ہرمز سے متعلق خدشات چین کی فوری سفارتی ترجیحات کا حصہ ہیں، اسی لیے دونوں عالمی رہنماؤں کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں یہ معاملات خصوصی اہمیت رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور جنگ بندی کی کوششیں نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن و استحکام کے لیے بھی ضروری ہیں، جبکہ آبنائے ہرمز میں کسی بھی ممکنہ بحران کے عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان 14 اور 15 مئی 2026 کو بیجنگ میں اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی معاملات اور عالمی سکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس ملاقات کو عالمی سفارت کاری میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس کے نتائج مشرق وسطیٰ کی صورتحال، توانائی منڈیوں اور امریکا چین تعلقات پر نمایاں اثر ڈال سکتے ہیں۔

Popular Posts

مزید خبریں