ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ذریعے امریکا کو 14 نکاتی تجاویز ارسال کر دیں

ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ذریعے امریکا کو 14 نکاتی تجاویز ارسال کر دیں

ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ذریعے ایک 14 نکاتی منصوبہ واشنگٹن کو ارسال کیا ہے، جس میں جنگ بندی سے آگے بڑھ کر مکمل تنازع کے خاتمے پر زور دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب سے ابتدائی طور پر ایران کو 9 نکاتی تجاویز دی گئی تھیں، جن میں دو ماہ کی جنگ بندی سے متعلق نکات شامل تھے، تاہم ایران نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ معاملات کو 30 دن کے اندر حل کیا جانا چاہیے اور محض عارضی جنگ بندی کے بجائے مستقل حل تلاش کیا جائے۔

ایرانی ذرائع کے مطابق تہران کی تجاویز میں عدم جارحیت کی ضمانت، امریکی افواج کے انخلا، بحری ناکہ بندی کے خاتمے، ایرانی منجمد اثاثوں کی بحالی، پابندیوں کے خاتمے اور لبنان سمیت مختلف محاذوں پر کشیدگی ختم کرنے جیسے اہم مطالبات شامل ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اس وقت امریکی ردعمل کا منتظر ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا ہے کہ وہ جلد ایرانی منصوبے کا جائزہ لیں گے، تاہم انہوں نے اس کے قابل قبول ہونے پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کے ذریعے سفارتی رابطہ خطے میں ایک اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ کوشش مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ممکنہ سفارتی راستہ فراہم کر سکتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دونوں ممالک مذاکراتی لچک دکھاتے ہیں تو یہ منصوبہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کی بنیاد بن سکتا ہے، تاہم ابتدائی بیانات سے واضح ہے کہ کسی حتمی پیش رفت کے لیے ابھی مزید سفارتی مراحل باقی ہیں

Popular Posts

مزید خبریں