چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت کا بڑا اقدام، نان باسمتی پر مراعات میں اضافہ

چاول کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت کا بڑا اقدام، نان باسمتی پر مراعات میں اضافہ

اسلام آباد: حکومت نے چاول کی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے باسمتی چاول پر 9 فیصد ڈیوٹی اینڈ ٹیکس ریمیژن فار ایکسپورٹس (DLTL) برقرار رکھنے جبکہ نان باسمتی چاول پر یہ مراعت 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ فیصلہ ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (آر ای اے پی) کے چیئرمین فیصل ملک جھنگیر نے صنعت کی نمائندگی کرتے ہوئے برآمدکنندگان کا مؤقف پیش کیا۔

اجلاس کے دوران ایسوسی ایشن نے دونوں 90 روزہ برآمدی ادوار کے لیے ڈی ایل ٹی ایل اسکیم جاری رکھنے اور نان باسمتی چاول پر مراعات کو باسمتی کے برابر 9 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

آر ای اے پی کے سابق صدر رفیق سلیمان کے مطابق حکومت نے صنعت کے تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے باسمتی چاول پر 9 فیصد مراعت برقرار رکھی، جبکہ نان باسمتی چاول پر ڈی ایل ٹی ایل کی شرح 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کر دی، جس سے پاکستانی چاول کی عالمی منڈی میں مسابقت مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔

آر ای اے پی کے سینئر وائس چیئرمین جاوید جیلانی نے اس فیصلے پر وزیر اعظم، وزارتِ تجارت اور ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے چاول کی برآمدات، زرعی شعبے اور ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

رفیق سلیمان نے امید ظاہر کی کہ حکومتی فیصلے سے کسانوں، رائس ملرز، برآمدکنندگان اور دیگر متعلقہ شعبوں کو فائدہ پہنچے گا، چاول کی پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا جبکہ دیہی معیشت اور قومی معیشت کو بھی مزید استحکام حاصل ہوگا۔

Popular Posts

No Content Available

مزید خبریں