ایران اور قطر کے درمیان بحری تجارت 5 ماہ بعد بحال، کارگو سروس دوبارہ شروع

ایران اور قطر کے درمیان بحری تجارت 5 ماہ بعد بحال، کارگو سروس دوبارہ شروع

ایران اور قطر کے درمیان پانچ ماہ کے وقفے کے بعد بحری تجارت دوبارہ بحال ہو گئی، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کارگو سروس بھی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی دیربندرگاہ اور قطر کی الرویس بندرگاہ کے درمیان کارگو سروس بحال کر دی گئی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان بحری راستہ ایک بار پھر فعال ہو گیا ہے۔

الرویس بندرگاہ قطر کے لیے ایرانی برآمدات کا ایک اہم مرکز سمجھی جاتی ہے۔ بحری تجارت کی بحالی سے سامان کی ترسیل میں تیزی آنے اور نقل و حمل کے اخراجات میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تجارتی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔

دوسری جانب ایران نے چین اور دیگر دوست ممالک کے لیے آبنائے ہرمز میں خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق چین میں تعینات ایرانی سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے ورلڈ پیس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمان کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے چین اور دیگر دوست ممالک کے بحری جہازوں کے لیے نیا انتظام متعارف کرایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ٹیکس نافذ کیا جائے گا، تاہم اس کا نفاذ بین الاقوامی سمندری قوانین کے مطابق ہوگا۔ ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد بحری تجارت کو منظم اور مزید مؤثر بنانا ہے۔

Popular Posts

No Content Available

مزید خبریں