گردے کی بیماری کی 6 خطرناک علامات، ماہرین نے اہم انتباہ جاری کردیا

گردے کی بیماری کی 6 خطرناک علامات، ماہرین نے اہم انتباہ جاری کردیا

طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گردوں کی بیماری کی ابتدائی علامات کو نظر انداز کرنا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ بروقت تشخیص نہ ہونے کی صورت میں یہ مسئلہ سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق گردے انسانی جسم میں خون صاف کرنے، فاضل مادوں کو خارج کرنے اور جسم میں پانی کا توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم حالیہ برسوں میں گردوں کے امراض میں تیزی سے اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ڈاکٹروں نے گردے کی خرابی کی چند اہم علامات بیان کی ہیں جن پر فوری توجہ دینا ضروری ہے۔

پیشاب میں تبدیلی

ماہرین کے مطابق بار بار پیشاب آنا، خصوصاً رات کے وقت، جھاگ دار پیشاب، پیشاب میں خون یا پیشاب کے دوران دشواری گردوں کی بیماری کی ابتدائی علامت ہو سکتی ہے۔

جسم میں سوجن

گردوں کی کارکردگی متاثر ہونے پر جسم میں اضافی پانی جمع ہونے لگتا ہے، جس کے باعث پیروں، ٹخنوں، ہاتھوں، چہرے اور آنکھوں کے گرد سوجن پیدا ہو سکتی ہے۔

مسلسل تھکاوٹ

ماہرین کا کہنا ہے کہ گردوں کی خرابی خون میں فاضل مادوں کے جمع ہونے اور خون کی کمی کا باعث بنتی ہے، جس سے انسان ہر وقت تھکن اور کمزوری محسوس کرتا ہے۔

جلد کے مسائل

خشک جلد، خارش یا دانے بھی گردوں کے مسائل کی نشانی ہو سکتے ہیں کیونکہ جسم میں زہریلے مادے جمع ہونے لگتے ہیں۔

معدے کی خرابیاں

متلی، الٹی، بھوک میں کمی، سانس کی بدبو اور پیٹ بھرا محسوس ہونا بھی گردوں کی خرابی سے جڑی علامات میں شامل ہیں۔

پٹھوں میں درد اور کھچاؤ

ماہرین کے مطابق جسم میں معدنیات کے عدم توازن کی وجہ سے ٹانگوں اور پٹھوں میں بار بار درد یا کھچاؤ پیدا ہو سکتا ہے۔

طبی ماہرین نے کہا ہے کہ ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر گردوں کی بیماری کی بڑی وجوہات ہیں، اس لیے ایسے مریضوں کو باقاعدگی سے گردوں کے ٹیسٹ کروانے چاہئیں تاکہ بیماری کی بروقت تشخیص ممکن ہو سکے۔

Popular Posts

مزید خبریں