انمول پنکی کے بعد حیدرآباد میں امبرین عرف گڈی بھی گرفتار

انمول پنکی کے بعد حیدرآباد میں امبرین عرف گڈی بھی گرفتار

حیدرآباد میں منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران پولیس نے ایک اہم آپریشن میں مبینہ منشیات فروش امبرین عرف گڈی کو گرفتار کر لیا، جس پر تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی کرنے کا الزام ہے۔

پولیس کے مطابق ٹاسک فورس نے ہٹڑی تھانے کی حدود علی آباد کالونی میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمہ کو حراست میں لیا۔ آپریشن کے دوران اس کے قبضے سے تین کلو سے زائد چرس اور 23 گرام سے زیادہ ہیروئن برآمد کی گئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمہ کے خلاف مختلف تھانوں اور ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں مجموعی طور پر 6 مقدمات پہلے سے درج ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب انمول عرف پنکی کیس میں بھی قانونی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں قتل کے مقدمے میں عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں مزید دو دن کی توسیع کر دی ہے، جبکہ دیگر مقدمات میں ملزمہ کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجنے کا حکم برقرار رکھا گیا ہے۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر کیس کی پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے بغدادی پولیس کو مزید تحقیقات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

حکام کے مطابق انمول پنکی سمیت متعدد متعلقہ افراد کے نام سفری پابندی فہرست (PNIL) میں شامل کیے جا چکے ہیں، جن میں ملزمہ کے دو سابق شوہر اور دو بھائی بھی شامل ہیں۔

Popular Posts

مزید خبریں