ایف بی آر سے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا اختیار واپس لینے کا مطالبہ

ایف بی آر سے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا اختیار واپس لینے کا مطالبہ

کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر ریحان حنیف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا اختیار واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بجٹ 2026-27 کے لیے تجاویز پیش کرتے ہوئے ریحان حنیف نے کہا کہ پاکستان کی معاشی مضبوطی کے لیے برآمدات کا فروغ انتہائی ضروری ہے، کیونکہ برآمدات بڑھنے سے ملک مالی طور پر مستحکم ہوگا اور غیر ملکی زرمبادلہ کے لیے بیرونی مدد کی ضرورت کم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران بھی ریونیو اہداف حاصل نہیں کیے جا سکے، تاہم حکومت اور بزنس کمیونٹی مل کر ایف بی آر کے اہداف پورے کر سکتے ہیں۔

صدر کراچی چیمبر نے مطالبہ کیا کہ ایکسپورٹرز اور امپورٹرز کو فائنل ٹیکس رجیم میں شامل کیا جائے اور ایف بی آر کی جانب سے نوٹسز کے ذریعے ہراساں کرنے کے عمل کو روکا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایف بی آر کو بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کا اختیار ختم کیا جائے تاکہ کاروباری طبقے میں اعتماد بحال ہو سکے۔

بجٹ تجاویز میں انہوں نے فاٹا اور پاٹا کی ٹیکس چھوٹ ختم کرنے، خام مال کی امپورٹ پر ٹیکس فرق کو متوازن کرنے اور آٹو پارٹس سمیت دیگر شعبوں میں کسٹمز ڈیوٹی میں کمی کا بھی مطالبہ کیا۔

ریحان حنیف نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مزید کم کیا جائے اور عام شہریوں کو ریلیف دیا جائے۔

Popular Posts

مزید خبریں