رشوت نہ دینے پر ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، بچی کی جوڑی گئی ہڈی دوبارہ ٹوٹنے کا انکشاف

رشوت نہ دینے پر ڈاکٹر کی مبینہ غفلت، بچی کی جوڑی گئی ہڈی دوبارہ ٹوٹنے کا انکشاف

بھارت میں ایک افسوسناک واقعے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ رشوت نہ دینے پر ایک ڈاکٹر کی مبینہ غفلت کے باعث کم عمر بچی کی پہلے سے جوڑی گئی ٹانگ کی ہڈی دوبارہ ٹوٹ گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں پیش آیا، جہاں 14 سالہ ذہنی معذور بچی ریشما کی ٹانگ کچھ عرصہ قبل ٹوٹنے کے بعد اسپتال میں علاج کے لیے لایا گیا تھا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسپتال میں آپریشن کے لیے مبینہ طور پر 25 ہزار روپے کا مطالبہ کیا گیا، تاہم مالی مشکلات کے باعث متاثرہ خاندان صرف 8 ہزار روپے ہی ادا کر سکا، جس کے بعد بچی کا آپریشن کیا گیا۔

بعد ازاں جب والدہ دوبارہ معائنے کے لیے اسپتال پہنچیں اور مبینہ طور پر باقی رقم ادا نہ کر سکیں تو ڈاکٹر نے معائنے کے دوران بچی کی ٹانگ کو زور سے حرکت دی، جس کے بعد صورتحال مزید بگڑ گئی۔

اہل خانہ کے مطابق بعد میں دوسرے اسپتال میں کیے گئے ایکسرے سے یہ بات سامنے آئی کہ پہلے سے جوڑی گئی ہڈی دوبارہ ٹوٹ چکی ہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے اور شہریوں نے متعلقہ ڈاکٹر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ حکام سے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا جا رہا ہے۔

Popular Posts

مزید خبریں