چین کا امریکا اور ایران سے فوری مذاکرات اور آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ

چین کا امریکا اور ایران سے فوری مذاکرات اور آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ

چین نے امریکا اور ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکراتی عمل جاری رکھیں اور آبنائے ہرمز کو فوری طور پر بحال کر کے عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کو یقینی بنائیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کے بحران کا مستقل حل صرف امریکا اور ایران کے درمیان جامع جنگ بندی اور مسلسل سفارتی رابطوں کے ذریعے ممکن ہے۔

چینی حکام کے مطابق صدر شی جن پنگ نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ حالیہ گفتگو میں اس مؤقف کو دہرایا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات ہی تنازعات کے حل کا مؤثر راستہ ہیں۔

وانگ ای کا کہنا تھا کہ اگرچہ امن مذاکرات فوری نتائج نہیں دیتے، تاہم ایک بار جب بات چیت شروع ہو جائے تو اسے جاری رہنا چاہیے تاکہ پائیدار حل کی راہ ہموار ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین مشرق وسطیٰ میں امن، جنگ بندی اور علاقائی استحکام کے لیے فعال سفارتی کردار ادا کرتا رہے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق چین کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز کی صورتحال عالمی تیل سپلائی، سمندری تجارت اور خطے کے امن کے لیے اہم حیثیت اختیار کر چکی ہے۔

Popular Posts

مزید خبریں