عید کی تعطیلات کے بعد کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان میں ڈالر، سونا اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے نئی کرنسی قیمتوں کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر ایک پیسہ سستا ہونے کے بعد 278.50 روپے پر بند ہوا، جبکہ اس سے قبل ڈالر کی قیمت 278.51 روپے تھی۔ رواں ماہ مئی کے دوران ڈالر مجموعی طور پر 27 پیسے سستا ہوا، جبکہ مالی سال کے ابتدائی 11 ماہ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 5.26 روپے کمی دیکھی گئی۔
دوسری جانب مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی سامنے آئی ہے۔ آل پاکستان صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 500 روپے سستا ہونے کے بعد 4 لاکھ 74 ہزار 882 روپے کا ہو گیا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 393 روپے کی کمی ہوئی جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 7 ہزار 117 روپے مقرر کی گئی ہے۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی اور فی تولہ چاندی 72 روپے سستی ہو کر 8 ہزار 34 روپے تک آ گئی۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں گراوٹ دیکھی گئی، جہاں فی اونس سونا 5 ڈالر کمی کے بعد 4525 ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے۔















