گوگل اور سائبر سیکیورٹی ماہرین نے 2029 تک ایک بڑے ممکنہ ڈیجیٹل خطرے “کیو ڈے” (Q-Day) کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے، جس سے عالمی سطح پر بینکنگ، کرپٹو اور ڈیٹا سیکیورٹی نظام متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ خطرہ کوانٹم کمپیوٹنگ کی ترقی سے جڑا ہوا ہے، جہاں مستقبل میں انتہائی طاقتور کوانٹم کمپیوٹرز موجودہ انکرپشن اور پاس ورڈ سسٹمز کو بہت کم وقت میں توڑنے کی صلاحیت حاصل کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق “کیو ڈے” وہ وقت ہوگا جب کوانٹم کمپیوٹنگ اس سطح پر پہنچ جائے گی کہ روایتی ڈیجیٹل سیکیورٹی سسٹمز غیر مؤثر ہو سکتے ہیں۔ اس صورتحال میں آن لائن ڈیٹا کی حفاظت کو شدید خطرات لاحق ہو جائیں گے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کی وجہ سے صرف موجودہ سسٹمز ہی نہیں بلکہ وہ ڈیٹا بھی خطرے میں آ سکتا ہے جو پہلے ہی ہیک کر کے محفوظ کیا جا چکا ہو، کیونکہ مستقبل میں اسے ڈی کوڈ کرنے کی صلاحیت پیدا ہو سکتی ہے۔
اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آن لائن بینکنگ سسٹمز، ڈیجیٹل کرنسیز، کرپٹو والٹس، سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور حساس سرکاری ڈیٹا بیسز متاثر ہو سکتے ہیں۔
سائبر ماہرین نے حکومتوں اور ٹیکنالوجی کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ابھی سے “کوانٹم-ریزیسٹنٹ” سیکیورٹی سسٹمز پر کام شروع کریں تاکہ مستقبل میں ممکنہ خطرات سے نمٹا جا سکے۔













