بھارتی فلم انڈسٹری کے سابق سپر اسٹار وجے تھلاپتی نے ریاست تامل ناڈو کے نئے وزیراعلیٰ کے طور پر باضابطہ حلف اٹھا لیا، جس کے ساتھ ہی ان کے سیاسی سفر نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا۔
چنئی کے نہرو اسٹیڈیم میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں سیاسی شخصیات، اتحادی رہنماؤں اور بڑی تعداد میں مداحوں نے شرکت کی۔ وجے کی تقریب حلف برداری کو ریاستی سیاست میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
وجے کی جماعت ‘تاملگا ویٹری کڑگم’ نے ریاستی انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 234 میں سے 108 نشستیں جیتیں۔ اگرچہ یہ تعداد تنہا حکومت سازی کے لیے کافی نہیں تھی، تاہم کانگریس، سی پی آئی، سی پی ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کی حمایت سے انہیں حکومت بنانے کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل ہو گئی۔
اطلاعات کے مطابق گورنر سے ملاقات کے بعد وجے کو حکومت تشکیل دینے کی دعوت دی گئی، جبکہ انہیں مقررہ وقت میں اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق وجے کی کامیابی اس لیے غیر معمولی سمجھی جا رہی ہے کیونکہ انہوں نے اپنی جماعت نسبتاً کم عرصہ قبل قائم کی اور پہلے ہی انتخاب میں روایتی سیاسی قوتوں کو سخت چیلنج دے دیا۔
فلمی دنیا میں طویل کامیاب کیریئر کے بعد سیاست میں قدم رکھنے والے وجے نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بے روزگاری، بدعنوانی اور عوامی مسائل کو مرکزی نکتہ بنایا، جس نے نوجوان ووٹرز اور عام شہریوں میں ان کی مقبولیت کو مزید بڑھایا۔














