سعودی عرب اور روس کے درمیان ویزا فری سفر کا معاہدہ باضابطہ طور پر نافذ ہو گیا ہے، جس کے بعد دونوں ممالک کے شہری ایک دوسرے کے ملک بغیر ویزا سفر کر سکیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق یہ معاہدہ پیر کے روز سے نافذ العمل ہوا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، کاروبار اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
معاہدے کے تحت تمام اقسام کے پاسپورٹ رکھنے والے شہری ایک کیلنڈر سال میں مجموعی طور پر 90 دن تک ویزا فری سفر کر سکیں گے۔ اس میں سیاحت، کاروباری دورے اور اہل خانہ سے ملاقات جیسے مقاصد شامل ہوں گے۔
تاہم حکام کے مطابق اس سہولت کا اطلاق ملازمت، تعلیم، مستقل رہائش یا حج جیسے مقاصد پر نہیں ہوگا، جن کے لیے علیحدہ ویزا درکار ہوگا۔
دونوں ممالک کی جانب سے اس اقدام کو دوطرفہ تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو نہ صرف سفری سہولتوں میں اضافہ کرے گا بلکہ باہمی تعاون کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔














