میٹرک پاس خواتین کے لیے مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ وظیفہ، پنجاب حکومت کا “ای لرن شی ارن” پروگرام

میٹرک پاس خواتین کے لیے مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ وظیفہ، پنجاب حکومت کا “ای لرن شی ارن” پروگرام

پنجاب حکومت نے خواتین کو ڈیجیٹل ہنر سے آراستہ کرنے اور انہیں آن لائن روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے “ای لرن شی ارن” کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اہل خواتین کو مفت لیپ ٹاپ، ماہانہ وظیفہ اور آن لائن تربیت فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق اس پروگرام کا مجموعی بجٹ 70 کروڑ روپے رکھا گیا ہے اور اس کا مقصد خواتین کو جدید ٹیکنالوجی کی مہارتیں سکھا کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔

پروگرام کے تحت منتخب خواتین کو تین ماہ کی مفت آن لائن تربیت دی جائے گی، جس میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، گرافک ڈیزائننگ، ورچوئل اسسٹنٹ ورک اور آن لائن کسٹمر سروس جیسے اہم شعبے شامل ہوں گے۔

تربیت کے دوران شرکاء کو لیپ ٹاپ، ماہانہ وظیفہ، انٹرنیٹ سہولت اور کورس مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ فری لانسنگ اور آن لائن ملازمتوں کے لیے تیار ہو سکیں۔

پروگرام کے لیے عمر کی حد 15 سے 35 سال رکھی گئی ہے، جبکہ بعض کورسز میں 40 سال تک کی خواتین کو بھی موقع دیا جائے گا۔ امیدوار کا تعلق پنجاب سے ہونا اور کم از کم میٹرک یا انٹرمیڈیٹ تعلیم کا حامل ہونا ضروری ہے۔

دلچسپی رکھنے والی خواتین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پورٹل یا متعلقہ سرکاری ویب سائٹس کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کر سکتی ہیں، جبکہ انتخاب میرٹ اور قابلیت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

یہ پروگرام خواتین کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے اور گھر بیٹھے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم حکومتی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

Popular Posts

مزید خبریں