شہریوں کو پاسپورٹ بروقت اور محفوظ انداز میں ان کی دہلیز تک پہنچانے کیلیے جدید ترسیلی نظام فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت ہیڈکوارٹر میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نجی کورئیر سروس کے وفد نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پاسپورٹ ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر، تیز رفتار اور عوام دوست بنانے کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئی سہولت کے تحت شہریوں کو ان کے پاسپورٹ محفوظ طریقے سے گھر کی دہلیز تک پہنچائے جائیں گے، جبکہ اس مقصد کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کو فعال کیا جائے گا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کا کہنا تھا کہ ادارہ عوام کو جدید، شفاف اور آسان سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل سروس کے نفاذ کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں مزید آسانی میسر آ سکے۔
ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاسپورٹ ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور عوام کو گھر بیٹھے بہتر خدمات فراہم کی جائیں گی۔
















