پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے شاداب خان کے کردار سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے انہیں بیٹنگ آل راؤنڈر قرار دے دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ شاداب خان اب اسپیشلسٹ بولر نہیں رہے بلکہ وہ ایک بیٹنگ آل راؤنڈر کے طور پر ٹیم کا حصہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ شاداب کو سلمان آغا اور معاذ کے ساتھ پانچویں بولنگ آپشن کے طور پر دیکھ رہی ہے۔
یاد رہے کہ شاداب خان نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی تھی، تاہم ان کی یہ کوشش ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی اور پاکستان کو 41 رنز سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔
اس سے قبل مائیک ہیسن نے ورلڈ کپ تیاریوں سے متعلق گفتگو میں کہا تھا کہ مختلف قسم کی وکٹوں پر کھیلنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق آئندہ ورلڈ کپ کے میزبان زمبابوے، جنوبی افریقا اور نمیبیا میں تیز اور اسپن دونوں طرح کی پچز استعمال ہوں گی۔
ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹیم نے اگلے 18 ماہ کے لیے مکمل حکمت عملی تیار کر لی ہے اور اسی منصوبے کے تحت کھلاڑیوں کی ٹریننگ جاری رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقا میں پاکستان کی گزشتہ ون ڈے سیریز میں اسپنرز نے اہم کردار ادا کیا تھا۔















