کاراکاس: وینزویلا کے عبوری صدر روڈریگز نے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن زلزلوں میں لاگوئیرا کے تقریباً تمام سرکاری اہلکار جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ملک بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 2,595 تک پہنچ گئی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر روڈریگز نے بتایا کہ لاگوئیرا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے، جہاں سرکاری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک 179 عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے اور خدشہ ہے کہ ملبے تلے مزید افراد موجود ہو سکتے ہیں۔
صدر روڈریگز کے مطابق حکومت نے تعمیرِ نو کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے تعاون سے 20 کروڑ ڈالر کا خصوصی فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی پر کام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وینزویلا میں صرف 40 سیکنڈ کے وقفے سے 7.5 اور 7.2 شدت کے دو طاقتور زلزلے آئے تھے، جنہوں نے ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی تھی۔ امدادی ادارے متاثرہ علاقوں میں لاپتا افراد کی تلاش اور زخمیوں کی امداد میں مصروف ہیں۔










