کاہنہ سانحے کے بعد پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ

کاہنہ سانحے کے بعد پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز بند کرنے کا فیصلہ

لاہور: کاہنہ سانحے میں 14 بچوں کی شہادت کے بعد حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں غیر رجسٹرڈ ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پنجاب بھر میں ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کی چیکنگ شروع کر دی گئی ہے، جبکہ لاہور میں قائم 760 ٹیوشن سینٹرز اور اکیڈمیز کو سیل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں بڑی تعداد میں تعلیمی ادارے اور ٹیوشن سینٹرز رجسٹرڈ نہیں ہیں، اس لیے آئندہ صرف وہی اکیڈمیز اور ٹیوشن سینٹرز کام کر سکیں گے جن کے پاس قانونی رجسٹریشن اور عمارت کا فٹنس سرٹیفکیٹ موجود ہوگا۔

وزیر تعلیم کے مطابق حکومت کا مقصد طلبہ کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا اور غیر محفوظ عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیوں کا خاتمہ کرنا ہے۔

واضح رہے کہ تین روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ اس واقعے کے ایک روز بعد باغبان پورہ میں بھی ایک اسکول کی چھت گرنے سے ایک طالب علم جان کی بازی ہار گیا جبکہ کئی دیگر زخمی ہوئے۔

ان افسوسناک واقعات کے بعد حکومت نے نجی ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کا عمل بھی شروع کر دیا ہے اور تمام مراکز کو مقررہ مدت کے اندر رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Popular Posts

No Content Available

مزید خبریں