Telangana کے شہر Warangal میں دہی کے ایک پیکٹ سے مردہ چوہا برآمد ہونے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ورنگل کے علاقے ایس آر آر تھوٹا کے قریب واقع ایک کریانہ دکان سے ایک شہری نے دہی کا پیکٹ خریدا۔ جب وہ گھر پہنچا اور استعمال کے لیے پیکٹ کھولا تو اس کے اندر مردہ چوہا موجود تھا۔
شہری نے فوری طور پر دکان پر واپس جا کر مالک سے شدید احتجاج کیا اور معاملے کی شکایت متعلقہ حکام کو درج کرا دی۔
شکایت موصول ہونے کے بعد فوڈ سیفٹی اور بلدیاتی حکام نے متاثرہ دکان پر چھاپہ مار کر صورتحال کا جائزہ لیا اور عوامی صحت کے پیشِ نظر دہی کے اس مخصوص بیج کی فروخت پر فوری پابندی عائد کر دی۔
حکام نے کارروائی کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اس بیج سے سپلائی کیے گئے دہی کے پیکٹ مارکیٹ سے ہٹانے کا عمل بھی شروع کر دیا۔ جنگاؤں میں دہی کے 50 پیکٹ ضبط کیے گئے، جبکہ کریم آباد، لکشمی پورم مارکیٹ ایریا اور ہنمکنڈہ کے بھوانی نگر میں بھی اسی بیج کے تمام پیکٹس قبضے میں لے لیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیری انتظامیہ کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور صفائی و خوراک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔














