سائنسدانوں کی نئی تحقیق میں وٹامن سی اور دماغی صحت کے درمیان اہم تعلق سامنے آیا ہے، جس کے مطابق وٹامن سی کی مناسب مقدار دماغ کو صحت مند رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیق میں 64 سال سے زائد عمر کے 2 ہزار سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا، جس میں ان کے خون میں موجود وٹامن سی کی مقدار کو دماغ کے ایم آر آئی اسکینز سے موازنہ کیا گیا۔
محققین نے دریافت کیا کہ جن افراد میں وٹامن سی کی سطح کم تھی، ان کے دماغ میں موجود گرے میٹر کا حجم بھی کم تھا۔ یہ صورتحال دماغ کے اہم نیٹ ورک ’’ڈیفالٹ موڈ نیٹ ورک‘‘ میں کمزور روابط کی نشاندہی کرتی ہے، جو یادداشت، توجہ اور ارتکاز جیسے افعال سے جڑا ہوتا ہے۔
تحقیق کے دوران عمر، جسمانی سرگرمی اور تعلیمی معیار جیسے دیگر عوامل کو بھی مدنظر رکھا گیا، تاہم وٹامن سی اور دماغی صحت کے درمیان تعلق برقرار رہا۔
جاپان کی ہیروساکی یونیورسٹی کے گریجویٹ اسکول آف میڈیسن سے تعلق رکھنے والے شریک محقق توموہیرو شنتاکو کا کہنا ہے کہ وٹامن سی سے بھرپور غذا دماغی صحت برقرار رکھنے اور عمر بڑھنے کے ساتھ ذہنی صلاحیتوں میں کمی کے خطرات کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے۔
محققین نے اس بات پر زور دیا ہے کہ نتائج حوصلہ افزا ضرور ہیں، تاہم مزید تحقیقی مطالعات کے ذریعے ان مشاہدات کی تصدیق ضروری ہے۔
















