پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں اضافہ ریکارڈ

تیل کی بڑھتی عالمی قیمتوں پر وزیراعظم کا اظہار تشویش، جمعہ کو نئی قیمتوں کا اعلان متوقع

اسلام آباد: پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی مجموعی کھپت میں 3.5 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ رپورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ایندھن کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا، جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 6.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر کی جانب سے ایندھن کی مجموعی طلب کا 82 فیصد حصہ استعمال کیا گیا، جبکہ اس شعبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت ایک کروڑ 12 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ گئی۔

دوسری جانب صنعتی شعبے میں پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت میں 42.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس شعبے کی کھپت 4 لاکھ 33 ہزار میٹرک ٹن رہی۔ اقتصادی سروے کے مطابق مجموعی ایندھن کی کھپت میں صنعتی شعبے کا حصہ 3.2 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عالمی توانائی بحران اور بین الاقوامی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں ایندھن، بجلی اور ضروری اشیا کی فراہمی مستحکم رہی۔

حکام کے مطابق حکومت نے ملک میں ایندھن کے کم از کم چار ہفتوں کے ذخائر برقرار رکھتے ہوئے سپلائی کے تسلسل کو یقینی بنایا۔ اس دوران توانائی اور سپلائی سے متعلق معاملات کی نگرانی کے لیے قومی رابطہ و انتظامی کونسل بھی قائم کی گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ تیل، اشیائے ضروریہ، زرمبادلہ کے ذخائر اور سپلائی چین کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ریئل ٹائم ڈیش بورڈز متعارف کروائے گئے، جس سے فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا گیا۔

Popular Posts

مزید خبریں