گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے 24 میں سے 17 حلقوں کے سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری ہے۔
سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ 5 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے 4 نشستیں جیتیں جبکہ مجلس وحدت المسلمین ایک نشست حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
گلگت ون سے پیپلز پارٹی کے امجد ایڈووکیٹ 10 ہزار 594 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ گلگت ٹو سے مسلم لیگ (ن) کے حفیظ الرحمان 13 ہزار 433 ووٹ حاصل کرکے فاتح رہے۔
نگر کے حلقے جی بی 4 سے پیپلز پارٹی کے محمد علی اختر 7 ہزار 654 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ہنزہ سے آزاد امیدوار نیک نام کریم نے 6 ہزار 390 ووٹ حاصل کیے۔
اسکردو ون سے پیپلز پارٹی کے توقیر مہدی شاہ 4 ہزار 320 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ اسکردو ٹو سے مجلس وحدت المسلمین کے کاظم میثم 10 ہزار 658 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔
شگر سے پیپلز پارٹی کے عمران ندیم 12 ہزار 944 ووٹ لے کر فاتح رہے جبکہ دیامر ون سے آزاد امیدوار محمد دل پذیر اور دیامر ٹو سے سید امام مالک کامیاب ہوئے۔
غذر ون سے پیپلز پارٹی کے سید جلال شاہ، غذر ٹو سے مسلم لیگ (ن) کے عبدالجہان جبکہ گانچھے سے ن لیگ کے ابراہیم ثنائی کامیاب قرار پائے۔
باقی نشستوں کے نتائج آنے کے بعد حکومت سازی کی تصویر مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔
















