ایف بی آر مئی کا ٹیکس ہدف پورا نہ کر سکا، 966 ارب روپے وصول

ایف بی آر مئی کا ٹیکس ہدف پورا نہ کر سکا، 966 ارب روپے وصول

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مئی 2026 کے دوران ٹیکس وصولیوں میں سالانہ بنیاد پر 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا ہے، تاہم ادارہ مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے مئی میں مجموعی طور پر 966 ارب روپے کے ٹیکس جمع کیے، جبکہ اس ماہ کے لیے 1,150 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ اس طرح ادارے کو صرف ایک ماہ میں 184 ارب روپے کے شارٹ فال کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق اپریل کے مقابلے میں مئی 2026 کے دوران ٹیکس وصولیوں میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا اور محصولات میں تقریباً ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

رواں مالی سال 2025-26 کے ابتدائی 11 ماہ یعنی جولائی سے مئی تک ایف بی آر مجموعی طور پر 11,227 ارب روپے جمع کر سکا، جبکہ اسی عرصے کے لیے 12,095 ارب روپے کا ہدف مقرر تھا۔

اعداد و شمار کے مطابق 11 ماہ کے دوران مجموعی ٹیکس وصولیاں مقررہ ہدف سے 868 ارب روپے کم رہیں، جسے معاشی ماہرین حکومت کے لیے ایک بڑا مالی چیلنج قرار دے رہے ہیں۔

ماہرین کے مطابق اگرچہ ٹیکس وصولیوں میں 7 فیصد اضافہ مثبت پیش رفت ہے، تاہم آئی ایم ایف اہداف اور آئندہ بجٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے حکومت کو مزید سخت مالیاتی اقدامات کرنا پڑ سکتے ہیں۔

Popular Posts

مزید خبریں