قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان Shaheen Shah Afridi نے اپنی بولنگ اسپیڈ میں کمی سے متعلق سوال پر دلچسپ ردعمل دیتے ہوئے معاملے کو مذاق میں ٹال دیا۔
آسٹریلیا کے خلاف سیریز سے قبل پریس کانفرنس کے دوران شاہین آفریدی سے فاسٹ بولرز کی کم ہوتی رفتار سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ کوشش کریں گے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کریں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وقت کے ساتھ مشینیں بھی خراب ہو جاتی ہیں، تاہم ٹیم کے بولرز اپنی فٹنس بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں اور کوچنگ اسٹاف بھی اس حوالے سے بھرپور توجہ دے رہا ہے۔
خراب کارکردگی پر ہونے والی تنقید کے جواب میں کپتان نے صحافیوں کو عید مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم جیتنے کی پوری کوشش کر رہی ہے اور مثبت انداز میں بات کرنا بھی ضروری ہے۔
شاہین آفریدی نے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی ایک سیریز میں عدم شمولیت کا مطلب یہ نہیں کہ کسی کھلاڑی کا کیریئر ختم ہو گیا۔ ان کے مطابق ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے مختلف کھلاڑیوں کو مواقع دینا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آغاز ہفتے سے ہوگا۔















