ٹیکنالوجی کمپنی Apple کے آئندہ اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن کے مطابق کمپنی جدید سیٹلائٹ کنیکٹیویٹی فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایپل اپنے نئے ماڈلز میں جدید “ایپل سی ٹو” موڈیم شامل کر سکتا ہے، جو صارفین کو سیٹلائٹ کے ذریعے 5 جی کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔
بتایا جا رہا ہے کہ یہ فیچر ایسے مواقع پر مددگار ثابت ہوگا جہاں عام موبائل سگنلز دستیاب نہ ہوں۔ نئی ٹیکنالوجی فون کو خودکار طور پر سیٹلائٹ نیٹ ورک سے منسلک کر دے گی تاکہ رابطہ برقرار رکھا جا سکے۔
متوقع ماڈلز میں iPhone 18 Pro، iPhone 18 Pro Max اور ایپل کا ممکنہ فولڈیبل فون بھی شامل ہو سکتا ہے، جسے “آئی فون الٹرا” کے نام سے پیش کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ فیچر متعارف کرا دیا گیا تو دور دراز علاقوں، پہاڑی مقامات اور ہنگامی صورتحال میں رابطے کے نظام میں بڑی بہتری آ سکتی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایپل کی نئی سروس مستقبل میں ان سیٹلائٹ سہولیات کے قریب پہنچ سکتی ہے جو Starlink اپنے پارٹنر نیٹ ورکس کو فراہم کر رہا ہے۔
تاہم کمپنی کی جانب سے اب تک اس فیچر کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔










