کویت سے بڑی مقدار میں ڈیزل لے کر روانہ ہونے والا پاکستانی بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، جس کے ذریعے ملک میں ایندھن کی فراہمی کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔
پورٹ ذرائع کے مطابق خیرپور نامی جہاز تقریباً 8 کروڑ لیٹر ڈیزل کراچی لے کر پہنچا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جہاز چند روز قبل آبنائے ہرمز سے گزرا تھا اور بعد ازاں خلیج عمان کے راستے اپنی منزل کی جانب روانہ رہا۔
ذرائع کے مطابق بحری جہاز نے بین الاقوامی بحری راستے سے سفر مکمل کرتے ہوئے کامیابی کے ساتھ کراچی بندرگاہ تک رسائی حاصل کی، جس کے بعد ڈیزل کی ترسیل اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق اقدامات شروع کر دیے گئے۔
توانائی ماہرین کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال میں بڑے پیمانے پر ایندھن کی درآمد ملکی توانائی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور سپلائی سے متعلق خدشات موجود ہوں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے درآمدی عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ توانائی بحران سے بچا جا سکے۔















