مصر کی موسیقی کی دنیا کے معروف نام ہانی شاکر طویل علالت کے بعد 74 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، جس کے بعد عرب دنیا میں ان کے مداحوں اور فنکار برادری میں گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہانی شاکر کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا کر رہے تھے اور علاج کی غرض سے فرانس میں زیر نگرانی تھے۔ اطلاعات کے مطابق طبیعت میں کچھ بہتری کے بعد ان کی صحت اچانک بگڑ گئی، جس پر انہیں انتہائی نگہداشت میں منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ہانی شاکر قاہرہ میں پیدا ہوئے اور 1970 کی دہائی میں اپنے موسیقی کے سفر کا آغاز کیا۔ اپنی منفرد آواز، رومانوی گیتوں اور طویل فنی کیریئر کے باعث وہ جلد ہی عرب موسیقی کے نمایاں ترین فنکاروں میں شمار ہونے لگے۔
انہوں نے اپنے کئی دہائیوں پر محیط کیریئر میں سینکڑوں گانے پیش کیے اور متعدد البمز جاری کیے، جنہیں عرب دنیا میں بے حد پذیرائی ملی۔ موسیقی کے شعبے میں ان کی خدمات نے انہیں مشرق وسطیٰ کے ممتاز گلوکاروں میں نمایاں مقام دلایا۔
ہانی شاکر کے انتقال کو عربی موسیقی کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مداح ان کے یادگار نغموں اور فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔
















