عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں آلائشیں بروقت نہ اٹھائے جانے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہو گئے۔ انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی کے بڑے دعوے کیے گئے تھے، تاہم کئی علاقوں میں آلائشیں اور جانوروں کی باقیات اب بھی سڑکوں اور گلیوں میں پڑی ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کا عمل سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث بدبو اور گندگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ صورتحال سے تنگ آ کر متعدد شہری اپنی مدد آپ کے تحت نجی افراد کو پیسے دے کر آلائشیں اٹھوانے پر مجبور ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں لوگ ایک آلائش اٹھوانے کے لیے 500 روپے تک ادا کر رہے ہیں۔ ضلع وسطی، نارتھ کراچی، نیو کراچی، بفرزون، عزیز آباد، ملیر اور نارتھ ناظم آباد سمیت کئی علاقوں میں آلائشوں کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔
دوسری جانب سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں صفائی آپریشن جاری ہے اور آلائشیں لینڈ فل سائٹس منتقل کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے خصوصی ہیلپ لائن بھی قائم کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آلائشیں سڑکوں پر پھینکنے سے گریز کریں اور صفائی کے عمل میں تعاون کریں۔
















