بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اٹلی کی وزیراعظم جارجیا میلونی کو ایک دلچسپ تحفہ دے کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی، جس کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں نریندر مودی انہیں “میلوڈی” ٹافی کا پیکٹ تحفے میں دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔ میلونی نے ویڈیو کے ساتھ مختصر کیپشن میں تحفے پر شکریہ بھی ادا کیا۔
سوشل میڈیا پر “میلوڈی” کا لفظ مودی اور میلونی کے ناموں کو ملا کر بنایا گیا ہے، جو گزشتہ کچھ عرصے سے انٹرنیٹ پر بطور میم کافی مقبول ہے۔ مودی کی جانب سے یہی ٹافی تحفے میں دینا صارفین کے لیے دلچسپ موضوع بن گیا۔
رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی دوستانہ ملاقاتیں پہلی بار 2023 کے کوپ 28 اجلاس کے دوران خاص توجہ کا مرکز بنی تھیں، جس کے بعد ان سے متعلق متعدد میمز اور سوشل میڈیا پوسٹس سامنے آئیں۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے بھی کیے۔ بعض افراد نے اسے “میلوڈی برانڈ کی مفت عالمی تشہیر” قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ اس واقعے کے بعد ٹافی کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔















