امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں واقع ایک اسلامی مرکز پر حملے کے دوران سیکیورٹی گارڈ امین عبداللہ نے نمازیوں کی جان بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 18 مئی کی صبح دو مسلح نوجوانوں نے اسلامک سینٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی اور فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران امین عبداللہ حملہ آوروں کے سامنے ڈٹ گئے اور لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے تین افراد میں امین عبداللہ بھی شامل تھے۔ وہ سان ڈیاگو کاؤنٹی کی ایک بڑی مسجد میں بطور سیکیورٹی گارڈ خدمات انجام دے رہے تھے۔
شہر کے پولیس چیف نے امین عبداللہ کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں ہیرو قرار دیا اور کہا کہ ان کی جرات نے ممکنہ طور پر بچوں سمیت کئی افراد کی زندگیاں بچائیں۔
امین عبداللہ کے قریبی دوست کاشف الہدیٰ نے بتایا کہ وہ ہمیشہ دوسروں کی مدد اور حفاظت کرنے والے انسان تھے۔ ان کے مطابق امین نرم مزاج، خوش اخلاق اور ہر ایک کے ساتھ محبت سے پیش آنے والے شخص تھے۔
دوستوں کا کہنا ہے کہ امین عبداللہ کو سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے خاص دلچسپی تھی اور وہ ہمیشہ لوگوں کے تحفظ کو اپنی ذمہ داری سمجھتے تھے۔ ان کی قربانی کو کمیونٹی میں بے حد عزت اور احترام کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔















