پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا

پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا

پاکستان سپر لیگ 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اہم میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کیے۔

ملتان کی جانب سے شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 69 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 15، اسٹیو اسمتھ 13 اور محمد نواز 18 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

حیدرآباد کے بولرز نے مؤثر کارکردگی دکھائی، جہاں محمد علی، حنین شاہ اور عاکف جاوید نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں حیدرآباد کنگز مین نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 16 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ معاذ صداقت نے ناقابل شکست 64 رنز کی بہترین اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے بھی 35 گیندوں پر 64 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ صائم ایوب 15 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کامیابی کے ساتھ حیدرآباد کنگز مین نے ایلیمینیٹر 2 کے لیے کوالیفائی کر لیا، جہاں اس کا مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پشاور زلمی کے مدمقابل آئے گی، جو پہلے ہی کوالیفائر جیت کر فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکی ہے۔

Popular Posts

مزید خبریں