موبائل پر مسلسل اسکرولنگ دماغی صحت کے لیے خطرہ، ماہرین نے اہم وارننگ جاری کر دی

موبائل پر مسلسل اسکرولنگ دماغی صحت کے لیے خطرہ، ماہرین نے اہم وارننگ جاری کر دی

ویب ڈیسک: ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ موبائل فون پر مسلسل اسکرولنگ نہ صرف وقت کا ضیاع ہے بلکہ یہ دماغی صحت، توجہ اور یادداشت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو اس انداز میں ڈیزائن کیا جاتا ہے کہ صارف زیادہ سے زیادہ وقت اسکرین پر گزارے۔ ہر نئی پوسٹ دماغ میں ڈوپامائن نامی کیمیکل کو متحرک کرتی ہے، جو خوشی، دلچسپی اور انعام کی توقع سے وابستہ ہوتا ہے، جس کے باعث صارف بار بار اسکرولنگ کرتا رہتا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ عمل جوئے کی سلاٹ مشین کی طرح کام کرتا ہے، جہاں ہر بار کسی نئے اور دلچسپ مواد کی امید انسان کو مزید کوشش پر آمادہ رکھتی ہے۔ سوشل میڈیا فیڈ کا اختتام نہ ہونے کے باعث صارف کو قدرتی طور پر رکنے کا موقع بھی نہیں ملتا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ضرورت سے زیادہ اسکرولنگ توجہ کی صلاحیت کم کر سکتی ہے، یادداشت متاثر ہو سکتی ہے اور گہرے ارتکاز کے ساتھ پڑھنے یا کام کرنے میں دشواری پیدا ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے مزید خبردار کیا ہے کہ مسلسل اسکرولنگ ذہنی دباؤ، بے چینی، مایوسی اور جذباتی تھکن میں بھی اضافہ کر سکتی ہے۔ اگرچہ سوشل میڈیا دماغ کو براہِ راست نقصان نہیں پہنچاتا، تاہم بار بار دہرائی جانے والی یہ عادت وقت کے ساتھ دماغ کے کام کرنے کے انداز پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ اسکرین ٹائم محدود رکھا جائے، وقفے لیے جائیں اور روزمرہ زندگی میں مطالعہ، ورزش اور براہِ راست سماجی سرگرمیوں کو بھی مناسب وقت دیا جائے تاکہ ذہنی صحت بہتر برقرار رہے۔

Popular Posts

No Content Available

مزید خبریں