کے ٹو ایئرویز حادثہ: تحقیقات کے لیے 4 دفاتر بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کے حوالے

کے ٹو ایئرویز حادثہ: تحقیقات کے لیے 4 دفاتر بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کے حوالے

کراچی: کارگو طیارہ حادثے کی تحقیقات کے سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کے ٹو ایئرویز کے چار سیل شدہ دفاتر بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن (BASI) کے حوالے کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ شب طیارے کے لاپتا ہونے کی اطلاع کے بعد سی اے اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایئرلائن کے دفاتر سیل کر دیے تھے تاکہ تمام متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھا جا سکے۔

ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفاتر تحقیقاتی ٹیم کے سپرد کرنے کا مقصد آپریشنل ریکارڈ، مینٹیننس لاگز اور دیگر اہم دستاویزات تک براہِ راست رسائی فراہم کرنا ہے، تاکہ حادثے کی وجوہات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔

بیورو آف ایئر سیفٹی انویسٹی گیشن کی 11 رکنی ٹیم، ڈائریکٹر ایئر کموڈور احسن کی سربراہی میں کراچی پہنچ چکی ہے اور اس نے تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ٹیم دستیاب ریکارڈ کا تفصیلی معائنہ کرے گی، جبکہ ابتدائی رپورٹ وزارتِ دفاع کو بھی ارسال کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ٹرمینل بلڈنگ میں کے ٹو ایئرویز کے مجموعی طور پر پانچ دفاتر موجود ہیں۔ ان میں سے چار دفاتر تحقیقات کے لیے تحویل میں لیے گئے ہیں، جبکہ پانچواں دفتر، جو انسانی وسائل (ایچ آر) اور روزمرہ انتظامی امور کے لیے استعمال ہوتا ہے، بدستور ایئرلائن کے زیر استعمال رہے گا تاکہ دفتری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

Popular Posts

No Content Available

مزید خبریں