پاکستان نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایک اور ایل این جی (LNG) کارگو خرید لیا ہے، جس کے لیے بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے بولیاں طلب کی گئی تھیں۔
پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) کے مطابق 10 سے 11 جولائی کے دوران ایل این جی کارگو کی خریداری کے لیے ٹینڈر جاری کیا گیا، جس کے جواب میں دو بین الاقوامی کمپنیوں نے اپنی بولیاں جمع کرائیں۔
پی ایل ایل کے مطابق ٹوٹل انرجیز (TotalEnergies) نے 17.37 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی کم ترین بولی دی، جبکہ بی پی سنگاپور (BP Singapore) کی جانب سے 17.96 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی۔
کم ترین بولی دینے کے باعث ٹوٹل انرجیز کی پیشکش کو کامیاب قرار دیا گیا اور اسی بنیاد پر ایل این جی کارگو کی خریداری کی گئی۔
دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حال ہی میں درآمدی آر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔ اوگرا کے مطابق نئی قیمتوں کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کے تین اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (PLL) کے ایک درآمدی کارگو کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔








