پشاور کچہری میں خاتون وکیل پر تشدد، ملزم نے اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا، ویڈیو سامنے آگئی

پشاور کچہری میں خاتون وکیل پر تشدد، ملزم نے اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا، ویڈیو سامنے آگئی

پشاور: پشاور کے جوڈیشل کمپلیکس میں خاتون وکیل مدیحہ پرویز پر تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ گئی ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 23 جون کو ایک دیوانی مقدمے کی سماعت کے بعد پیش آیا، جہاں مخالف فریق عبدالصادق نے کمرہ عدالت سے باہر آتے ہی خاتون وکیل پر حملہ کر دیا اور مبینہ طور پر انہیں اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا، جس سے وہ زخمی ہوگئیں۔

مدیحہ پرویز کے مطابق انہوں نے مقدمے میں نظرِ ثانی کی درخواست جمع کرائی تھی، جس پر ملزم نے عدالت کے اندر گالم گلوچ کی۔ عدالت کے حکم پر اسے کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا، تاہم بعد میں اس نے عدالت کے احاطے میں ان پر حملہ کر دیا۔

واقعے کے بعد پشاور پولیس نے ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر کی انکوائری کی روشنی میں ملزم عبدالصادق کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

خاتون وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم نے ان کے خلاف بھی دیوانی مقدمہ دائر کر رکھا ہے اور اسی کیس کی سماعت کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کے مطابق حملے کے نتیجے میں انہیں چوٹیں آئیں، جبکہ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں مبینہ طور پر خاتون وکیل پر تشدد کا منظر دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد کی بنیاد پر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

Popular Posts

No Content Available

مزید خبریں