محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف شہروں میں 8 سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اور سیالکوٹ سمیت کئی شہر شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جبکہ کراچی میں بھی درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جہاں پارہ 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور، قصور، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب اور بھکر میں بھی ہیٹ ویو کے اثرات محسوس کیے جائیں گے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ پشاور، مردان، بنوں، ڈی آئی خان، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، سبی، تربت اور پنجگور میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں۔
ہیٹ ویو سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر
ماہرین کے مطابق گھر میں ایمرجنسی کٹ موجود ہونی چاہیے جس میں او آر ایس، پانی کی بوتلیں، تھرما میٹر، گیلے تولیے اور بیٹری والا پنکھا شامل ہو۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ دن کے گرم ترین اوقات میں باہر جانے سے بچیں، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے پہنیں اور سن اسکرین، ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ پانی کی کمی سے بچنے کے لیے وقفے وقفے سے پانی پینا ضروری ہے جبکہ گھر کو ٹھنڈا رکھنے کے لیے دن میں پردے بند اور رات کے وقت کھڑکیاں کھلی رکھنی چاہئیں۔
بچوں کے لیے خصوصی ہدایات
طبی ماہرین نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں میں پیاس، زیادہ پسینہ، بخار، قے، سر درد یا چکر آنے جیسی علامات پر فوری توجہ دیں۔ اگر بچہ غیر معمولی حالت میں نظر آئے تو فوری طور پر قریبی اسپتال سے رجوع کیا جائے۔
















