اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اے ٹی ایم ٹرانزیکشنز اور ڈیجیٹل ادائیگیوں سے متعلق اہم اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
مرکزی بینک کے مطابق عید کے دوران ملک بھر میں ’گو کیش لیس‘ مہم کو مزید وسعت دی جا رہی ہے، جس کا مقصد عوام کو نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی طرف راغب کرنا ہے۔ اس مہم کے تحت مویشی منڈیوں میں 22 بینک خصوصی کیمپس اور کیوسک قائم کریں گے تاکہ صارفین کو آسان مالی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ اس سال گو کیش لیس مہم کو 54 سے بڑھا کر 96 مویشی منڈیوں تک توسیع دی گئی ہے۔ ساتھ ہی عید سیزن کے دوران ٹرانزیکشن اور اکاؤنٹ بیلنس کی حدود میں عارضی نرمی بھی فراہم کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق 14 مئی سے 5 جون تک ڈیجیٹل بینکنگ صارفین کے لیے خصوصی سہولتیں دستیاب ہوں گی۔ اس دوران مویشی منڈیوں کے اطراف موبائل بینکنگ وینز، اے ٹی ایمز اور کیش ڈپازٹ مشینیں بھی نصب کی جائیں گی تاکہ عوام کو فوری رسائی حاصل ہو سکے۔
اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیاں نہ صرف زیادہ محفوظ اور آسان ہیں بلکہ نقد رقم ساتھ رکھنے سے ہونے والے خطرات کو بھی کم کرتی ہیں۔ یہ اقدامات ملک میں ایک زیادہ شفاف، جدید اور مؤثر مالی نظام کی طرف اہم قدم ہیں۔














